Saturday, April 20, 2024

الیکشن کمیشن پر الزامات، اعظم سواتی نے معافی نامہ جمع کرا دیا

الیکشن کمیشن پر الزامات، اعظم سواتی نے معافی نامہ جمع کرا دیا
December 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن پر الزامات کے کیس میں اعظم سواتی نے معافی نامہ جمع کرا دیا۔

الیکشن کمیشن کے 2 رکنی کمیشن نے اعظم سواتی کے خلاف نوٹس کی سماعت کی۔ بیرسٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کے آج پیش نہ ہونے کی استثنیٰ کی درخواست دی تو ممبر سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا اعظم سواتی الیکشن کمیشن کو نظر انداز کررہے ہیں؟؟ گذشتہ سماعت پر وہ سینیٹ میں تھے یہاں نہیں آئے۔

بیرسٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کا تحریری معافی نامہ کمیشن کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ معافی نامہ میں  اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی الیکشن کمیشن کو سکینڈلائز کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ان کے  کسی الفاظ سے الیکشن کمیشن کی دل آزاری ہوئی تو وہ معافی مانگتے ہیں۔

اس پر ممبر سندھ نے کہا کہ  تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے۔ اعظم سواتی کو پیش ہو کر معافی مانگنی پڑیگی۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ کےسامنے تحریری معافی نامہ پیش کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے تحریری معافی نامے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ ممبر سندھ نثار درانی کا کہنا تھا کہ معافی نامے پر مناسب حکم جاری کرینگے۔