Saturday, April 20, 2024

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر جمشید اقبال چیمہ کے الزامات مسترد کر دیئے

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر جمشید اقبال چیمہ کے الزامات مسترد کر دیئے
October 31, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر جمشید اقبال چیمہ کے الزامات مسترد کر دیئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق جمشید اقبال چیمہ کی جانب سے تجویز کنندگان کے ووٹ ایک حلقے سے دوسرے حلقے میں منتقل کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ تجویز کنندگان کا ووٹ سال 2018 سے ہی انتخابی حلقہ این اے 130 ماڈل ٹاؤن میں درج ہے۔ دونوں تجویز کنندگان 2018 سے ہی بلاک کوڈ 259110108 کے ووٹر ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ستمبر 2020 کی انتخابی فہرست میں بھی دونوں تجویز کنندگان حلقہ این اے 130 کے ووٹر ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان کہتے ہیں الیکشن کی شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

گزشتہ روز حکومتی امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ انکے تجویز کنندہ 133 کے ووٹرز ہیں جن کا ووٹ کسی سازش کے تحت تبدیل کیا گیا ہے۔