Friday, April 19, 2024

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق درخواستیں مسترد کر دیں

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق درخواستیں مسترد کر دیں
June 25, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تینوں درخواستیں مسترد کر دیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں عام انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزاروں کے وکلا نے فاٹا میں باقی ملک کے ساتھ الیکشن کرانے اور حلقہ بندیوں کے معاملات تک انتخابات ملتوی کرنے کے حق میں دلائل دیے۔ الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعدعام انتخابات ملتوی کرنے کی تینوں درخواستوں کو مسترد کر دیا۔ دوسری جانب متحدہ قبائل پارٹی کا احتجاج آج بھی جاری ہے، مظاہرین نے نیشنل پریس کلب سے الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کیا۔ جنہیں پولیس نے نادرہ چوک پر روک لیا۔ اس موقع پر ریڈ زون کے اطراف میں سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود رہی۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواستیں مسترد ہونے پر مظاہرین نے کہا کہ وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔