Friday, May 10, 2024

الیکشن کمیشن نے ارکان سندھ اسمبلی کے 2018-19 کے گوشوارے جاری کر دیئے

الیکشن کمیشن نے ارکان سندھ اسمبلی کے 2018-19 کے گوشوارے جاری کر دیئے
July 5, 2019
 کراچی (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے ارکان سندھ اسمبلی کے 2018-19 کے گوشوارے جاری کر دیئے۔ مراد علی شاہ 22 کروڑ 88 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی جائیداد کی مالیت 4 کروڑ 15 لاکھ ،1 کروڑ 42 لاکھ روپے مالیت کی دو گاڑیاں اور بینک اکاونٹ میں 16 کروڑ 89 لاکھ روپے موجود ہیں۔ مراد علی شاہ نے اہلیہ کے پاس ایک کلو سے زائد سونا بھی ظاہر کیا ۔ فریال تالپور نے 38 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے ظاہر کیے۔ بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں۔ سندھ کی ادی ایک کلو گرام سونے کی بھی مالک  ہیں۔ فریال تالپور کی دونوں بیٹیاں بھی کروڑ پتی۔ فاطمہ تالپور تین کروڑ 31 لاکھ ،عائشہ تالپور 14 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کی مالک نکلیں۔ ڈاکٹر عذرا فضل کے اثاثوں کی مالیت دس کروڑ سے زائد ہے۔ خاتون رکن ثروت فاطمہ  سب سے غریب نکلیں ان کے پاس گھر ہے نہ گاڑی، صرف 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی چھ کروڑ 40 لاکھ ،اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی 16 کروڑ 84 لاکھ  کےاثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ 12 کروڑ کے مقروض بھی ہیں۔ وزیر بلدیات سعید غنی دو کروڑ، سہیل انور سیال 7 کروڑ ، حلیم عادل شیخ ایک کروڑ 93 لاکھ ،علی گوہر مہر 26 کروڑ ، قائم علی شاہ دو کروڑ ، شرجیل انعام میمن تین کلو سونے سمیت  37 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ کنور نوید جمیل 5 کروڑ 23 لاکھ، خرم شیر زمان 5 کروڑ 94 لاکھ ،خواجہ اظہار الحسن 1 کروڑ 17 لاکھ ،سیدہ شہلا رضا 1 کروڑ 89 لاکھ سے زائد اثاثوں کی مالک نکلیں ۔