Friday, May 17, 2024

الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ
December 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس میں وکیل کے حتمی دلائل دینے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں فیصل واووڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی کی جانب سے جواب آئے یا نہ آئے اب مزید مہلت نہیں دینگے۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے پیدائش کا سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے قبل فیصل واوڈا نے غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کروا دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا پاسپورٹ منسوخ ہونے کا یہ مطلب ہے کہ شہریت ختم ہو گئی جس پر فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کے آرڈر میں لکھا ہے کہ فیصل واوڈا کا غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ شدہ تھا۔

وکیل نے کہا کہ فیصل واووڈا رکن اسمبلی نہیں رہے تو اس درخواست پر نااہلی کیسے ہوسکتی؟ قادر مندوخیل نے میڈیا ٹرائل کیلئے جان بوجھ کر غلط فورم سے رجوع کیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سنیٹر فیصل واوڈا نااہلی کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ انتخابات سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کئے۔ الیکشن کمیشن نے جو پوچھا اس کا ثبوت کے ساتھ جواب دیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے  سینیٹر فیصل واوڈا کیخلاف دوہری شہریت پر نااہلی سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔