Friday, April 26, 2024

الیکشن کمیشن میں اصلاحات کیلئے بائیسویں آئینی ترمیم آج منظور کی جائیگی

الیکشن کمیشن میں اصلاحات کیلئے بائیسویں آئینی ترمیم آج منظور کی جائیگی
May 19, 2016

اسلام آباد (92نیوز) صاف اور شفاف انتخابات کے لئے بائیسویں آئینی ترمیم  آج قومی اسمبلی سے منظور کی جائے گی۔ اسپیکر نے حکومت اور اپوزیشن کو اپنے ارکان کو ہر صورت ایوان میں لانے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی کی جانب سے متفقہ طور پر تیار کی جانے والی آئینی ترمیم  آج  قومی اسمبلی میں منظور کی جائے گی۔ آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے کم از کم دو سو اٹھائیس ووٹ درکار ہوں گے۔ بائیسویں آئینی ترمیم کے تحت آئین کے ساتھ آرٹیکلز میں نو ترامیم کی منظوری دی جائے گی۔

یہ تمام ترامیم الیکشن کمیشن کے متعلق ہیں۔ آئینی مسودے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور اس کے اراکین کیلئے ریٹائرڈ یا حاضر سروس سول سرونٹ اور ٹیکنوکریٹ بھی اہل ہوں گے۔ ترمیم میں چیف الیکشن کمشنر کیلئے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد اڑسٹھ سال تجویز کی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے چاروں اراکین کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد پینسٹھ سال مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس سے پہلے چیف الیکشن کمشنر سمیت ممبران کی تعیناتی کیلئے عمر کی کوئی حد نہیں تھی۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے بھی آئین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی بجائے الیکشن کمیشن کا سینئر ترین رکن قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بنے گا۔

الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری پانچ سال کیلئے کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر منتخب ہونے والے چار اراکین میں سے دو اراکین اڑھائی سال بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ اس بات کا تعین اراکین کے انتخاب کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے موجودہ ارکان دس جون کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔