Wednesday, May 22, 2024

الیکشن کمیشن میں 18 سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں کی چھان بین بارے رپورٹ جمع

الیکشن کمیشن میں  18 سیاسی جماعتوں  کے مالی گوشواروں کی چھان بین بارے رپورٹ جمع
September 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں سمیت 18 پارٹیوں کے مالی گوشواروں کی چھان بین سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی گئی۔آئندہ سماعت پرپولیٹیکل فنانس ونگ رپورٹ پر بریفنگ دے گا۔

الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی درخواست پر سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں کی چھان بین سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے گوشواروں کی چھان بین سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ،تحریک انصاف کے وکیل نے تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا مطالبہ کردیا ، وزیرمملکت علی محمد خان کہتے ہیں ن لیگ تفصیلات پیش کرنے میں ناکام رہی۔

تحریک انصاف کے وکیل شاہ خاور نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 5سال تک کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا ، کئی سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس پر آڈٹ حکام نے اعتراض کیا ، کئی سیاسی جماعتوں نے کبھی اپنا آڈٹ ہی نہیں کرایا۔

ممبرالیکشن کمیشن پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ آئندہ سماعت تک خود بھی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرادیں لیکن ن لیگ کو جن لوگوں نے فنڈنگ کی ان کی تفصیلات ان کے پاس نہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے اپوزیشن جماعتوں پر اکاؤنٹس کو ٹی ٹی اور منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کردیا۔کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر کو ہوگی۔