Sunday, September 8, 2024

الیکشن کمیشن ممبران کے استعفوں کے معاملہ پر ہمارے ساتھ تعاون کریں !!! شاہ محمود قریشی کی خورشید شاہ سے درخواست

الیکشن کمیشن ممبران کے استعفوں کے معاملہ پر ہمارے ساتھ تعاون کریں !!! شاہ محمود قریشی کی خورشید شاہ سے درخواست
August 26, 2015
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمیشن ممبران کے استعفوں کے معاملہ پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے باضابطہ تعاون کی درخواست کر دی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر جواب دیں گے۔ خورشید شاہ نے بھارتی دھمکیوں کے معاملہ پر اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے الیکشن کمیشن کے چاروں اراکین کے استعفے کے مطالبہ پر تعاون کی درخواست کی۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے کہا ہے کہ اصولی موقف پر تحریک انصاف کا ساتھ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص پارلیمنٹ سے بالاتر نہیں، الیکشن کمیشن کے اراکین متنازعہ ہو چکے ہیں۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک سال پہلے ہی الیکشن کمیشن اراکین سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا تھا۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد ان اراکین کا عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ تحریک انصاف کے موقف سے اتفاق ہے مگر حتمی فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت کرے گی۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اب دھرنوں کا وقت گزر گیا، اس وقت ریاست کوچیلنجز درپیش ہیں، کبھی افغانستان سے دھمکی ملتی ہے، کبھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جارحانہ بیانات دیتے ہیں، ملک کو درپیش خطرات کے مد نظر سب کو ایک ہونا ہو گا۔ حکومت بھی بھارتی دھمکیوں کے معاملہ پر خاموشی توڑ کر اقوام متحدہ سے رجوع کرے۔