Saturday, May 4, 2024

الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا معاملہ 10روز میں حل کرنیکا حکم

الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا معاملہ 10روز میں حل کرنیکا حکم
December 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ  نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کا معاملہ  10روز میں حل کرنے کا حکم دے دیا ،  چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے  کہ پارلیمنٹ کے معاملے کو عدالت کیوں لارہے ہیں، حکومت اور اپوزیشن عدالت آنے کی بجائے معاملے کو پارلیمنٹ میں حل کریں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن  میں سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی تعیناتی کا معاملہ ایک مرتبہ پھر پارلیمنٹ کی کورٹ میں ڈال دیا ، ممبران کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر اور سیکرٹری قومی اسمبلی نے معاملے کے خل کیلئے مذید وقت دینے کی استدعا کردی  ۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ ریمارکس دیے  کہ اسپیکر اور چیئرمین  سینیٹ کی کوششوں کو سراہتے ہیں ، دونوں غیر جانبدار ہیں اور وہ حکومت اپوزیشن کا ڈیڈلاک ختم کرسکتے ہیں۔ عدالت نے لیگی ایم این اے محسن شاہ نواز رانجھا کو مخاطب کیا اور استفسار کیا کہ جب معاملات حل کی طرف جارہے ہیں تو آپ عدالت کیوں آگئے  ، سب کچھ آپ کے ہاتھ میں ہے ،آپ منتخب نمائندے ہیں خود معاملات حل کریں، ہم پارلیمنٹ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ چیف الیکشن کمشنر بہت اہم عہدہ ہے ، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو معاملہ حل کرنا چاہیے یہاں پر ماضی میں کچھ چیزیں ٹھیک نہیں ہوئیں ہمارے مدنظر ہیں۔ محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار نہیں ، جس پر عدالت نے ریماکس دیے کہ نیلسن مینڈیلا نے 24 سال کی قید کے بعد بھی اپنے مخالفین کو معاف کردیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نےحکومت کو الیکشن کمیشن ممبران کا معاملہ دس روز میں حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔