Saturday, May 18, 2024

الیکشن کمیشن ای وی ایم پر کام رواں سال مکمل کر لے، وزارت سائنس

الیکشن کمیشن ای وی ایم پر کام رواں سال مکمل کر لے، وزارت سائنس
December 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزارت سائنس نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا جس میں کہا الیکشن کمیشن ای وی ایم پر کام رواں سال مکمل کر لے۔

الیکشن کمیشن کا ای وی ایم اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے استعمال سے متعلق سخت ردعمل سامنے آ گیا جس میں کہا گیا کمیشن اپنا کام پوری ذمہ داری سے کر رہا ہے اور مشینوں کی ٹینڈرنگ میں بین الاقوامی معیار کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ مشینوں کی تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ بھی ضروری قرار دے دی۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ کچھ لوگوں کو اس ٹیکنالوجی سے متعلق ادراک نہیں، اگر کسی کو وضاحت چاہیے تو الیکشن کمیشن کے دروازے کھلے ہیں۔ کمیشن بغیر کسی دباؤ کے اپنا کام جاری رکھے گا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا تھا کہ کمیشن کی کوتاہی سے وقت گزرا تو بڑی مشکلات ہونگی اور تاخیری حربوں کا جواب الیکشن کمیشن دے گا۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب بھی دے دیا جس میں کہا کمیشن مشین کی تکنیکی خصوصیات اس سال کے اختتام سے قبل مکمل کرے جس کے بعد انتخابات ای وی ایم پر کرائے جا سکتے ہیں۔