Monday, September 16, 2024

الیکشن کمیشن ارکان کے تقرر کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا

الیکشن کمیشن ارکان کے تقرر کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا
July 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری پر ایک بار پھر اتفاق نہ ہوسکا۔ چارممبران کون ہونگے؟ اب فیصلہ خصوصی کمیٹی کریگی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں پچیس جولائی کو نوٹیفکیشن ہو جائیگا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کاکہنا ہے کہ ناموں پر تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اوروزیرخزانہ اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات پارلیمنٹ ہاوس میں ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری پر مشاورت کی گئی۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کمیٹی کے لیے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ ہوسکاجس پر دونوں نے 24 نام خصوصی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کاکہنا تھاکہ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے 12 ‘ 12 نام کمیٹی کو بھجوائیں گے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تمام ناموں کی فہرست اتفاق رائے سے تیارکی جائیگی۔ ہر صوبے سے تین نام حکومت اور تین اپوزیشن جماعتوں نے تجویز کئے۔ کمیٹی وزیراطلاعات پرویز رشید کی سربراہی میں حتمی فیصلہ کریگی۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس 25 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ تجویز کردہ ناموں میں ریٹائرڈ بیوروکریٹ، ریٹائرڈ ججز اور ٹیکنوکریٹ شامل ہیں۔ 25جولائی کو ہی ناموں کو حتمی شکل دی جائیگی اور اسی دن تقرری اور نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔