Sunday, September 8, 2024

الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری ، اپوزیشن نے حکومتی نام مسترد کردیئے

الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری ، اپوزیشن نے حکومتی نام مسترد کردیئے
July 15, 2016
لاہور(92نیوز)الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے قیادت سے مشاورت مکمل کر لی اکثریت نے حکومتی نام مسترد کردئیے مشترکہ اجلاس میں ا پوزیشن اپنے نام سامنے لائے گی۔ تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھ رہا  مسلم لیگ قاف  عوامی مسلم لیگ اور ایم کیوایم نے حکومتی نام مسترد کردیئے ہیں  جماعت اسلامی نے بھی پنجاب کے لئے حکومتی ناموں پر تحفظات کااظہار کیا ہے جبکہ اے این پی نے اپنے نام تجویز کر دئیے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ نے پنجاب کیلئے تجویز کردہ حکومتی ناموں کو مسترد کرتے ہوئے آج اپوزیشن لیڈر کو اپنی رائے سے باضابطہ آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ قاف کے کامل علی آغاز نے پارٹی سربراہ چودھری شجاعت اور پرویز الہی سے مشاورت کرنے کے بعد حکومتی نام مسترد کئے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی بھی پنجاب کے لئے سامنے آنے والے تینوں ناموں کو ماننے سے انکاری ہے پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں اب مشترکہ اجلاس میں اپنے نام سامنے لائیں گی جس کیلئے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں زیادہ اختلافات پنجاب کیلئے تجویز کردہ حکومتی ناموں پر ہیں کیونکہ پنجاب سے الیکشن کے نتائج وفاق میں حکومت سازی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔