Sunday, September 8, 2024

الیکشن کمیشن ارکان کا تقرر‘ اپوزیشن نے حکومت سے دو دن کی مہلت مانگ لی

الیکشن کمیشن ارکان کا تقرر‘ اپوزیشن نے حکومت سے دو دن کی مہلت مانگ لی
July 12, 2016
اسلام آباد (92نیوز) خورشید شاہ سے اسحاق ڈار کی ملاقات، الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر پر مشاورت۔ نام فائنل کرنے کے لئے اپوزیشن لیڈر نے وزیرخزانہ سے دو دن کی مہلت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کیلئے آئینی مدت 25 جولائی کو پوری ہورہی ہے۔ 22ویں ترمیم کے تحت آئینی عہدوں پر 45 روز میں تقرری کے پابند ہیں۔ کوشش ہے کہ 25 جولائی تک الیکشن کمیشن اراکین کے نام فائنل کرلیں۔ خورشید شاہ نے اسحاق ڈار سے درخواست کی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کیلئے دو روز کی مہلت دیں۔ خورشید شاہ کاکہنا تھاکہ کل اپوزیشن جماعتوں سے ملوں انہیں اعتماد میں لوں گا۔ جمعرات یاجمعہ کو دوبارہ ملاقات ہوگی۔ ملاقات کے دوران اپوزیشن لیڈر نے اسحاق ڈار سے استفسار کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت کیسی ہے۔ اسحاق ڈار نے جواباً کہا کہ میاں صاحب کی طبیعت بہت بہتر ہے۔ وزیراعظم نے اپنا کام شروع کردیا۔ خورشید شاہ نے کہاکہ دعا گو ہوں کہ وزیراعظم جلد بھرپور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ خورشیدشاہ نے مسلم لیگ (ق)‘ تحریک انصاف اور پی پی کی طرف سے تجویزکردہ سے ناموں سے اسحاق ڈار کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں کیلئے 6 چھ نام تجویز کئے گئے ہیں۔