Sunday, May 12, 2024

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ممبر پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ممبر پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر
July 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ممبر پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر اور ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی آج ریٹائر ہو گئے۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو ان ممبران کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ وزارت پارلیمانی امور کو 2 خطوط بھی لکھے گئے، تاہم حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت کا آغاز نہیں ہو سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی ریٹائرمنٹ سے متعلق متعدد بار بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سینیئر وفاقی وزرا کو موزوں نام تلاش کرنے کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔

آئین کے تحت الیکشن کمیشن 3 ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے تاہم حکومت کو اپوزیشن کی مشاورت سے 45 روز میں نئے ممبران کی تعیناتی کرنی ہوتی ہے۔ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف تین تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں، عدم اتفاق رائے  کی صورت میں معاملہ 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو جاتا ہے۔