Thursday, March 28, 2024

الیکشن کا مطالبہ کرنیوالے چیف الیکشن کمشنر کیلئے تعاون نہیں کر رہے ، شیخ رشید

الیکشن کا مطالبہ کرنیوالے چیف الیکشن کمشنر کیلئے تعاون نہیں کر رہے ، شیخ رشید
December 5, 2019
لاہور ( 92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن کا مطالبہ کرنیوالے ہی چیف الیکشن کمشنر کیلئے تعاون نہیں کر رہے، نواز شریف کی واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں ۔ وزیر ریلوے  نے لاہور میں رائل پام کے اشراک سے بننے والے ریستوران کا افتتاح کر دیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں ،   آرمی چیف کی مدت ملازمت کی ترمیم کیلئے کوئی پریشانی نہیں ، حکومت کےپاس سادہ اکثریت موجود ہے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بادشاہ آدمی ہیں ،و ہ لندن میں ہی اجلاس بلا رہے ہیں ، وہاں جا کر شہباز شریف نئی دوستیاں کر لیتے ہیں ، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ دسمبر میں خوشخبری  ملے گی ، یہ بھی بتا دیں کس سال کا دسمبر ہوگا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ لاہور میں  نیا ریستوران بنایا ہے،  کراچی اور راولپنڈی میں بھی یہی ریستوران بنائیں گے ، 14 دسمبر کو لاہور سے واہگہ بارڈر تک ٹرین کا افتتاح کر رہےہیں ، کل 103 ملین صرف ٹکٹوں سے کمائے ہیں جو ابھی تک کا ریکارڈ ہے ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ  ریلوے کا خسارہ تین سال میں ختم کر دیں گے،  90 فیصد ٹرینیں بروقت ہیں،مسافر ٹرینیں پاکستان میں منافع بخش ہیں  ،  آج بارہ بجے کے بعد فریٹ ٹرینوں میں 10 فیصد کرائے میں کمی کر دی ہے ،پاکستان کی ریلوے آئندہ آنے والے دنوں میں معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاہور کا سفر6 گھنٹے ہو جائے گا، 1872کلومیٹر نیا ٹریک بغیر کسی پھاٹک ہوگا، ریلوے کے مسافروں کی تعداد 7 کروڑ ہو گئی ہے، فریٹ کے ٹارگٹ کو بھی تاریخی ٹارگٹ بنانا چاہتے ہیں۔