Monday, May 13, 2024

الیکشن ٹربیونل نے پرویز رشید کی الیکشن کمیشن کیخلاف اپیل مسترد کر دی

الیکشن ٹربیونل نے پرویز رشید کی الیکشن کمیشن کیخلاف اپیل مسترد کر دی
February 23, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے لیگی رہنماء پرویز رشید کی الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔ کنٹرولر پنجاب ہاؤس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پرویز رشید کو دو مرتبہ نوٹس بھیجے گئے لیکن انہوں نے بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی۔

سینیٹ انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، ن لیگ کے سینئر رہنماء سینیٹ امیدوار پرویز رشید کی کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کےخلاف اپیل مسترد کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔

پرویز رشید کے وکیل نے دلائل میں کہا پنجاب ہاؤس کے ریکارڈ کے مطابق پرویز رشید وہاں رہائش پذیر نہیں رہے، میرے مؤکل کو پارلیمنٹ میں بہترین رہائش ملی ہوئی تھی پنجاب ہاؤس کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے گئے لیکن کسی نے وصول نہیں کیے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیے پرویز رشید نے سنجیدگی سے رقم کی ادائیگی کی کوشش کی نہ ہی رابطہ کیا، رجسٹرار پنجاب ہاؤس نے کہا اس دن طبیعت خرابی کے باعث آفس نہیں آیا لیکن عملہ وہاں موجود تھا۔

میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما پرویز رشید کا کہنا تھا کہ این اے 75 کے انتخابات میں جس طرح حکومت بے نقاب ہوئی میری کیس میں بھی بے نقاب ہو گی۔