Monday, September 16, 2024

الیکشن مہم کا آج آخری روز، رات 12 بجتے ہی انتخابی سرگرمیاں بند ہو جائینگی

الیکشن مہم کا آج آخری روز، رات 12 بجتے ہی انتخابی سرگرمیاں بند ہو جائینگی
July 23, 2018
کراچی (92 نیوز) الیکشن مہم کا آج آخری روز ہے۔ رات بارہ بجتے ہی سب انتخابی سرگرمیاں بند ہو جائیں گی۔ سیاسی جماعتوں نے باقی رہ جانے والے چند گھنٹوں میں بھی ووٹرز کو رام کرنے کی تمام پلاننگ کر لی ۔ عوام پچیس جولائی کو نمائندوں کا چناؤ کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب کے بعد تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد ہے ۔  الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ کے روز سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات آج رات  کے بعد چلانے پر پابندی ہو گی جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 2 سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف پاک فوج کے جوان متعلقہ اضلاع اور حلقوں میں پہنچ گئے۔ پاک فوج کے جوان آج سے تمام پولنگ اسٹیشنز کا چارج سنبھال لیں گے۔ پاک فوج کے جوان تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہونگے اور آج سے 27 جولائی تک پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہیں گے۔ انتخابی مواد، بیلٹ پیپرز، انتخابی عملہ کی سیکورٹی پاک فوج کے سپرد ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن کا ماحول پرامن بنانے کے لئے پاک فوج کو تعینات کیا گیا۔ کپتان کراچی میں بھرپور پاور شو کے بعد ایک بار پھر لاہور کا رخ کریں گے۔ عمران خان پانچ مقامات پر کھلاڑیوں کا  لہو گرمائیں گے۔ نون لیگ کے سرکردہ رہنما پنجاب میں سرگرم ، شہبازشریف ڈیرہ غازی خان میں خطاب کے بعد راولپنڈی کے لیاقت باغ میں پنڈال لگائیں گے۔ شاہد خاقان عباسی آبپارہ مارکیٹ میں سیاسی شو کرینگے۔ حمزہ شہباز لاہور موچی گیٹ میں جلسے کے بعد داتا دربار حاضری دیکر انتخابی مہم کا اختتام کریں گے۔ بلاول بھٹو لاڑکانہ میں سیاسی قوت دکھائیں گے۔ خورشیدشاہ سمیت پیپلزپارٹی کی دیگر مرکزی قیادت بھی اپنے اپنے حلقے میں ووٹرز کو رام کرنے کیلئے کوشاں ہونگے۔ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں بڑا پاورشو کرنے کو تیار ہے۔ متحدہ مجلس عمل آئی ٹین مرکزاسلام آباد میں مخالفین کو ٹف ٹائم دے گی ۔ ادھر عوامی نیشنل پارٹی کے جلسہ مردان میں ہو گا۔