Friday, April 26, 2024

الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد

الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد
November 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔

سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر صدارت تین رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی ہونگے۔ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جا سکتا۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے عدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے۔ جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ کہ بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے ۔ تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی کا کہنا تھا کہ دو سے زائد امیدواروں کا ایک انتخابی نشان ہونے کی صورت میں ووٹر کو مشکلات ہوں گی جس پر عدالت نے کہا الیکشن کمیشن کے مطابق ایک سے زائد امیدوار کی صورت میں بیلٹ پیپر پر امیدوار کی تصویر لگا کر مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

عدالت نے صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔