Sunday, May 12, 2024

الیکشن سے پہلے ن لیگ سے ایک اور جماعت نکلے گی، شیخ رشید

الیکشن سے پہلے ن لیگ سے ایک اور جماعت نکلے گی، شیخ رشید
October 20, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے الیکشن سے پہلے ن لیگ سے ایک اور جماعت نکلے گی۔

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا امریکی ناظم الامور کو بھی ن اور شین کا پتا ہے ۔ شہباز شریف کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں تو اچھی بات ہے لیکن اس کے بعد باتیں بھی نکلنی چاہیے۔ اگر اپوزیشن والے الیکشن سے قبل کوئی دنگا فساد کریں گے تو اپنے لئے گڑھا کھودیں گے۔  وہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وہ ایک ڈیڑھ مہینہ احتجاج کریں گے کیونکہ وہ الیکشن تک معاملات لے کر جانا چاہتے ہیں ۔

 شیخ رشید بولے مجھے خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لئے میرے شہر کا انتخاب کیا۔ میرا شہر پڑھا لکھا ہے وہ مہنگائی کے اسباب کو سمجھتا ہے ۔ عمران خان ہر ہفتہ مہنگائی کا مسئلہ خود دیکھتے ہیں۔ عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

مزید بولے پانچ بڑی کمپنیوں کے پچاس لوگوں کو شامل تفتیش کیا ہے۔ امید ہے افغانستان میں کل پاکستان کی بہتر نمائندگی ہو گی ہماری کوشش ہے ڈالر کی نقل و حمل کو روکا جا سکے اور اسکی قیمت کو ایک سطح پر رکھیں۔