Monday, May 6, 2024

الیکشن 2018،ووٹرز کو لبھانے کیلئے امیدواروں نے مختلف انداز اپنا لئے

الیکشن 2018،ووٹرز کو لبھانے کیلئے امیدواروں نے مختلف انداز اپنا لئے
July 12, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) الیکشن 2018 کی انتخابی گہما گہمی عروج پر ہے ، ایسے میں امیدواروں نے ووٹرز کو لبھانے کیلئے مختلف انداز اپنانے شروع کر دیئے ہیں ،  شیخ رشید نے کبھی موٹرسائیکل سواری کی تو کبھی تندور پر روٹیاں لگائیں  ۔ عوامی راج پارٹی  کے عوام دوست جمشید دستی گدھا گاڑی پر سوار ہوئے تو کراچی کے ایاز موتی والا نے کچرے کو مسکن بنالیا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ووٹرز کو لبھانے کے لئے کبھی موٹرسائیکل پر سوار ہوتے ہیں تو کبھی جوتے پالش کرنے والے سے گپیں لگانے لگ جاتے ہیں، اب تو شیخ رشید نے ایک اور سنگ میل عبور کیا اور ڈی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن میں تندور پر روٹیاں لگانا شروع کردیں۔ منفرد انداز اپنانے والے شیخ رشید اکیلے نہیں، سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی بھی انوکھے انداز میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، کبھی گلیوں میں جھاڑو لگاتے نظر آتے ہیں تو کبھی ہاتھوں میں جھاڑو تھامے گدھا گاڑی پر سواری کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ شیخ رشید اور جمشید دستی کے بعد کراچی کے حلقہ این اے243سے آزاد امیدوار ایاز موتی والا بھی میدان میں آ گئے اور کچرے کے ڈھیر کو اپنا مسکن بنا لیا ۔  اور تو اور ایاز موتی والا نے سیوریج کے پانی میں لیٹ کر دکھایا تو نالے میں بیٹھ کر کھانا بھی تناول کیا۔ الیکشن مہم کے دوران امیدوار کسی بھی صورت ووٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں ، اچھا ہے الیکشن جیتنے کے بعد کس نے نظر آنا ہے، چند روز تو عوام کو لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آیا۔