Thursday, May 2, 2024

الیکشن 2018،خراب کارکردگی پر ن لیگی رہنماؤں کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات

الیکشن 2018،خراب کارکردگی پر ن لیگی رہنماؤں کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات
June 24, 2018
لاہور ( 92 نیوز )پنجاب میں دس سال تک حکومت کرنے والی مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو خراب کارکردگی کی بنا پر  پنجاب میں ہی  انتخابی مہم چلانے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے ۔ اسلام آباد میں عوام نے شاہد خاقان عباسی کی گاڑی کا گھیراؤ کیا جبکہ لاہور میں بلال یاسین کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ، گوجرانوالہ میں ن لیگی رہنماؤں کے خلاف بینرز لگ گئے ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی انتخابی مہم کے سلسلے میں کہوٹہ پہنچے تو ان کی اپنی ہی جماعت کے کارکن مشتعل ہو گئے ،کارکنوں نے اپنے ہی سابق وزیر اعظم کی گاڑی کو گھیرے میں لے  لیا اور گو عباسی گو کے نعرے لگا دیئے ۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی بنانے کا وعدہ پورا کیا گیا اور نہ ہی سڑک بنی ، لیگی کارکنوں نے کافی دیر تک شاہد خاقان عباسی کا رستہ روکے رکھا  جبکہ پولیس کی مداخلت پر شاہد خاقان عباسی کو راستہ ملا  ۔ مسلم لیگ ن کیلئے قلعہ کی حیثیت رکھنے والے لاہور میں بھی  پارٹی رہنما مشکلات سے دو چار ہیں  ۔ سابق صوبائی وزیر خوراک  بللا یاسین کو پی پی 149 سے ممکنہ ٹکٹ دینے کی صورت میں حلقہ کے چیئرمین اور وائس چیئرمین سڑکوں پر نکل آئے۔ بلدیاتی رہنماؤں نے حلقہ کے عوام کے ہمراہ احتجاج کیا ، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ اگر بلال یاسین کو ٹکٹ دیا گیا تو وہ مریم نواز کی حمایت بھی نہیں کریں گے  ، بلال یاسین نے حلقے کے مسائل حل کرنے کے  لئے کچھ نہیں کیا ۔ لاہور کے بعد مسلم لیگ ن کیلئے مضبوط سہارے کی حیثیت رکھنے والے گوجرانوالہ میں بھی صورتحال مختلف نہیں ہے  ، شہر بھر میں ن لیگی رہنماؤں کے خلاف  بینرز آویزاں  ہیں جن پر جلی حروف میں ن لیگ کیلئے ووٹ مانگ کر شرمندہ نہ ہوں کے نعرے درج ہیں ۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر فیصل آباد میں بھی ن لیگی کارکن سڑکوں پر نکل آئے  ، ستیانہ روڈ پر بڑی ریلی نکالی گئی جبکہ فضا ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف نعروں سے گونج اُٹھی ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا پی پی  114 کا ٹکٹ توصیف خان یا سیف الحق بیگ کو دیا جائے  ۔ سرگودھا میں سابق ایم این اے حامد حمید کی زیرقیادت مظاہرین نے  لوٹے اٹھا کراحتجاج  کیا، اورٹکٹوں کی تقسیم پرقیادت کا فیصلہ غیرمنصفانہ قراردیا۔