Friday, April 26, 2024

الیکشن 2018 ، خواجہ آصف ، فردوس عاشق اعوان کو گرین سگنل مل گیا

الیکشن 2018 ، خواجہ آصف ، فردوس عاشق اعوان کو گرین سگنل مل گیا
June 26, 2018
لاہور (92 نیوز) الیکشن 2018 میں حصہ لینے کے لیے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اور پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان کو گرین سگنل مل گیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزراء خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف الگ الگ اپیلو‍ں کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے خواجہ آصف اور فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف الگ الگ اپیلوں پر سماعت کی۔ اپیلوں میں ریٹرنگ آفیسر کے احکامات چیلنج کیا گیا تھا۔ خواجہ آصف کے خلاف اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ انکے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں معلومات جامعہ نہیں اس لیے ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ بعدازاں اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کو این اے 73 سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی ۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقہ 72 سے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے دعوی کیا گیا کہ فردوس عاشق اعوان نے کاغذات نامزدگی میں شادی اور بچوں کا خانہ پر ہی نہیں کیا، جبکہ انکی جائیداد کے بارے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل مسترد کر دی اور ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونلز کل بھی کاغذات نامزدگی کیخلاف مزید اپیلوں پر سماعت کرے گا۔