Sunday, September 8, 2024

النینو طوفان نے بلوچستان میں رنگ دکھانا شروع کر دیا‘ شدید بارشوں سے طغیانی

النینو طوفان نے بلوچستان میں رنگ دکھانا شروع کر دیا‘ شدید بارشوں سے طغیانی
March 10, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان موسمی طوفان ” النینو“ کی شدید لپیٹ میں ہے۔ کوئٹہ میں صبح سے جاری موسلا دھار بارش سے کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔ صوبے کے دیگرعلاقوں میں بھی تباہ کن بارشوں نے تباہی مچا دی۔ ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقے شدید بارشوں کے طوفان کی لپیٹ میں آ گئے۔ دن بھرجاری رہنے والی موسلادھار بارش نے سڑکوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا۔ تیز پانی گرین سٹی اورکلین سٹی بنانے کے تمام دعووں کو بھی بہاکر لے گیا۔ بیشتر سڑکوں پر گٹروں کا گندہ پانی جمع ہونے سے شہریوں کی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں تو گندہ پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا لیکن ساری صورتحال میں انتظامیہ کہیں نظرنہ آئی۔ بلوچستان کے دیگرعلاقوں چمن، قلات، خضدار، نوشکی، آواران، دالبندین، چاغی، خاران اورزیارت میں بھی بادل سارا دن برستے رہے جس سے ندی نالے بپھر گئے۔ چمن سمیت دیگرعلاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں کو نشیبی علاقے خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ فوج اور ایف سی کے جوانوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چار روزتک جاری رہنے کا امکان ہے۔