Tuesday, April 16, 2024

اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کوئی قتل نہیں کیا ، عزیر بلوچ اعترافی بیان سے مکر گیا

اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کوئی قتل نہیں کیا ، عزیر بلوچ اعترافی بیان سے مکر گیا
July 13, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عزیر بلوچ اپنے اقبالی بیان سے مکر گیا ، کہا کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کوئی قتل نہیں کیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ارشد پپو قتل سمیت 16 مقدمات کی سماعت ہوئی ، عزیر بلوچ اور شاہجہان بلوچ سمیت دیگر ملزماں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

رینجرز پراسکیوٹر نےعزیر بلوچ کا اعترافی بیان کیس کا حصہ بنانے کی استدعا کی ، عدالت نےملزم سےاستفسارکیاکہ آپ کےاعترافی بیان کی کاپی اس کیس کا حصہ بنادیں؟ ، عزیربلوچ نےکہاکہ اس کا کوئی اعترافی بیان ریکارڈ نہیں ہوا ہے۔

جج نےکہاکہ اعترافی بیان پر آپ کے دستخط بھی موجود ہیں ، عدالت نےکہاکہ جو بیان آپ آج یہاں دے رہے ہیں کل ہائی کورٹ جا کراس سے بھی مکرجائیں گے۔ عدالت کے اس سوال پر عزیر بلوچ خاموش رہا۔

عدالت نے لندن میں مقیم ملزم حبیب جان بلوچ کو اشتہاری قرار دے دیا ، عدالت نے گینگ وار کے زاہد لاڈلہ ،آصف مٹھل ،فیصل پٹھان ،استاد تاجو شبیر احمد کو بھی اشتہاری قراردےدیا۔

یاسر پٹھان ثاقب باکسر ،جواد لنگڑا حمید عرف لالہ اورنگی ،شاہد مکس پتی اورشیراز کامریڈکو بھی اشتہاری قراردےدیاگیا ، عدالت نے کیس کی سماعت جولائی کے آخری ہفتہ تک ملتوی کردی۔