Tuesday, April 16, 2024

العزیزیہ کے مجرم نوازشریف پھر کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے

العزیزیہ کے مجرم نوازشریف پھر کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے
May 8, 2019

لاہور (92 نیوز) العزیزیہ کے مجرم نوازشریف پھر کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے۔ سابق وزیراعظم کو کارکنوں اور رہنماؤں نے ریلی کی شکل میں جیل پہنچایا۔ حمزہ شہباز نے گاڑی چلائی، مریم بھی والد کے ہمراہ تھیں۔

 دیر سے ہی سہی، نوازشریف جیل پہنچ ہی گئے۔ جاتی امراء سے درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ خراماں خراماں شنگھائی چوک پہنچا جہاں کارکن استقبال کیلئے پہلے ہی موجود تھے۔ نوازشریف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

 مسلم لیگ ن نےانتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہی ریلی نکالی اور استقبالیہ تقریب کی۔ جیل انتظامیہ نے شام چھ بجے پہنچنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل خود جاتی امراء بھی گئے تاہم نوازشریف نے ان کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔

 مسلم لیگ ن نے نوازشریف کی دوبارہ جیل منتقلی کے بعد ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شاہد خاقان، خواجہ آصف، جاوید ہاشمی اور دیگر رہنما بھی نواز شریف سے یکجہتی کیلئے پہنچے۔ خواجہ آصف نے کہا نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم ہیں۔ جاوید ہاشمی بولے عمران خان کو لانے والوں کو بھی سمجھ آچکی۔

 ادھر رانا ثنا کا کہنا ہے انتظامیہ جعلی حکمرانوں کی آلہ کار نہ بنے۔ کسی کارکن کو ہراساں کیا تو وہ عمل شروع ہو جائے گا جس کا آغاز تین ماہ بعد ہونا ہے۔

 دوسری طرف شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا نواز شریف نے ثابت کردیا کہ وہ دلیر، سچے اور پاکستان کے حقیقی قائد ہیں۔ شہباز شریف نے کہا وقت نے جھوٹے الزامات لگانے والوں کو بے نقاب کر دیا۔ ہمیں بھگانے کی خواہش رکھنے والے خود بھاگ گئے، جلد وطن واپس لوٹوں گا۔ سیاسی مخالفین ایک بار پھر جھوٹے ثابت ہوں گے۔

6 بجے جیل پہنچنے کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوازشریف ساڑھے آٹھ کے بعد جاتی امرا سے روانہ ہوئے۔ فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کرپشن کا ورلڈ کپ جیتنےوالوں کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر  4470 کو ہائی سکیورٹی سیل میں رکھا جائے گا، حکام نے انتظامات  مکمل کرلیے نواز شریف کو بی کلاس دی جائے گی، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق کھانا گھر سے آئے گا۔

 خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ کارکن شنگھائی چوک پہنچیں وہاں نوازشریف کا تاریخی استقبال کیاجائے گا، حمزہ شہباز گاڑی ڈرائیو کریں گے اور شریف فیملی میں دراڑ ڈالنے والوں کے منہ پر طمانچہ پڑے گا۔

 مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پارٹی نے نوازشریف کا استقبال کرنے کا کوئی پلان نہیں بنایا تھا لیکن کارکنوں کے پر زور اصرار پر ان کو آنے کی اجازت دے دی۔

 عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کینسر کے مریض ہیں اُنہیں نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا جس سے ان کی طبیعت مزید خراب ہوئی،اب ان کے لندن میں ٹیسٹ ہورہے ہیں جیسےٹیسٹ مکمل ہوئے وہ وطن واپس آ جائیں گے۔

 نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں 7سال قید کی سزا سنا دی گئی  جب کہ انہیں 10سال کیلئے نا اہل قرار دیا گیا،مجرم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے 19 دسمبر کو محفوظ کئے گئے فیصلےسنا دیے جس میں نوازشریف العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار پائے اور عدالت نے انہیں 7سال کی قید، 10سال کی نا اہلی اور 25ملین ڈالر جرمانے کی سزا سنائی ۔

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 1.5ملین پاؤنڈ کا جرمانہ بھی کیا گیا جب کہ انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں با عزت بری کر دیا گیا۔

عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کیس میں  نوازشریف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا ، ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور قرار دیتے ہوئے  دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔

نواز شریف نے عدالت سے اڈیالہ کی بجائے لاہور جیل منتقل کرنے کی  درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا ۔ نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا جائے گا۔