Sunday, May 19, 2024

العزیزیہ ، فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

العزیزیہ ، فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی
July 17, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔ جج محمد بشیر نے کہا رجسٹرار ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے کہ چاہیں تو مقدمہ کسی دوسری عدالت منتقل کر دیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی۔ نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے جبکہ مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ کی درخواستوں کے ساتھ میں نے بھی ایک خط لکھا ہے جو ہمارا انتظامی معاملہ ہے۔ امید ہے آج شام تک ہدایات موصول ہو جائیں گی جس پر عدالت نے دونوں ریفرنسز  کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔   جیل ٹرائل میں میڈیا کو رسائی کی استدعا پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں صحافی پاس حاصل کرنے کے بعد العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل کی کوریج کر سکتےہیں۔ قبل ازیں خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد نے شریف خاندان کیخلاف احتساب عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا۔ اپیل میں کہا گیا کہ قید، جرمانہ، نااہلی اور جائیداد قرقی کا حکم کالعدم قرار دیا جائے ، اپیلوں کا فیصلہ ہونے تک نوازشریف، مریم نواز، اور کیپٹن ر صفدر کو ضمانت پر رہا کر کے سزا معطل کی جائے۔ اپیل میں مزید کہا گیا کہ چھ جولائی احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ ضمنی  اور عبوری ریفرنس کے الزامات میں تضاد تھا۔ حسن اور حسیں نواز کو ضمنی ریفرنس کا نوٹس نہیں  بھیجا گیا۔ احتساب عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر سزا سنائی ۔