Friday, April 19, 2024

العزیزیہ سٹیل ملز،فلیگ شپ ریفرنس یکجاکرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

العزیزیہ سٹیل ملز،فلیگ شپ ریفرنس یکجاکرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
November 23, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز،فلیگ شپ ریفرنس یکجاکرنے کی نواز شریف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ نیب پراسیکیوٹر اور نواز شریف کے وکیل نے دلائل مکمل کر لئے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی پینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی. نواز شریف کے وکیل اعظم نزیر تارڑ نے اپنے دلائل میں کہااحتساب عدالت نے ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کئے بغیر ہی ہماری درخواستیں خارج کر دیں ۔ فلیگ شپ اور ہل میٹل ریفرنس میں ملزم، الزام اور گواہ مشترک ہیں ۔ ملک عزیز اور واجد ضیاء بھی مشترک گواہان میں شامل ہیں ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ٹرائل کورٹ یہ سمجھے کہ ان گواہوں کا بیان ایک بار قلمبند ہو اور ایک ہی بار جرح ہو تو کیا ہو گا۔ آپ کہتے ہیں کہ ایک گواہ دو بار بیان ریکارڈ کرائے گا تو آپ کا دفاع ایکسپوز ہو جائے گا ۔ آرٹیکل 13 کا مینڈیٹ کچھ اور ہے اسے مکس نہ کریں۔ عدالت ایک جرم اور ایک جیسےجرم کو آپ ایک نہیں کہہ سکتے۔
دلائل کے دوران وزیراعظم کے وکیل نے ایک شعر بھی پڑھا ۔ نیب پراسیکیوٹر اور بینچ کے مکالمے میں مداخلت پر نیب پراسیکیوٹر اور وکیل نواز شریف کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی ۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا تینوں ریفرنس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ نواز شریف کی جانب سے ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست ہی اب غیر موثر ہو چکی ہے ۔ جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کے پھر تو ہمیں ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روک دینا چاہئے ۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔