Sunday, May 5, 2024

العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس: نواز شریف کی وکیل عائشہ حامد کی درخواست خارج

العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس: نواز شریف کی وکیل عائشہ حامد کی درخواست خارج
December 7, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت میں العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت میں نواز شریف کی معاون وکیل عائشہ حامد کی درخواست خارج کر دی گئی اور احتساب عدالت نے نورین شہزاد کی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کی۔ سماعت میں نوازشریف کی معاون وکیل عائشہ حامد پیش ہوئیں۔
عائشہ حامد نے نورین شہزاد کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نورین شہزاد کا نام گواہوں میں شامل نہیں۔ وہ کس حیثیت میں یہ دستاویزات پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نورین شہزاد اپنے ادارے کا اتھارٹی لیٹر پیش کرنے میں نا کام رہیں۔ ان کی جانب سے دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ دستاویزات کو ریکارڈ سے خارج کیا جائے۔
عدالت نے اس درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کی معاون وکیل کی درخواست خارج کر دی اور نورین شہزاد کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
دوسری جانب دوران سماعت گواہ ملک طیب کا بیان بھی قلمبند کیا جا رہا ہے۔