Thursday, April 18, 2024

العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز میں استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل

العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز میں استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل
December 11, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی ۔ استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی۔ مزید دو گواہوں کے بیانات 19 دسمبر کو قلمبند کئے جائیں گے۔
نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز حاضری سے استثنیٰ کے باعث پیش نہ ہوئے البتہ کیپٹن (ر) صفدر آئے اور حاضری لگا کر چلے گئے ۔
نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ ملک طیب پر جرح کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کے پاس جو لوگ چیک لاتے تھے ۔ کیا آپ انہیں ذاتی طور پر جانتے ہیں؟ ۔ آپ نے صرف دستیاب دستاویزات کو پڑھ کر بیان دے دیا ۔ کچھ دستاویزات کے علاوہ باقی آپ نے تیار کیں نہ آپ کی موجودگی میں تیار ہوئیں۔
ملک طیب نے بتایا کہ جو لوگ چیک لاتے تھے وہ انہیں ذاتی حیثیت میں نہیں جانتے ۔ جو ریکارڈ ان کے پاس تھا اسی کے مطابق بیان دیا ۔
دوسرے گواہ آفاق احمد نے بھی اپنا بیان قلمبند کرایا ۔ خواجہ حارث نے دونوں گواہوں پر جرح مکمل کرلی ۔
شریف خاندان کےخلاف العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں ہی مزید 2 گواہوں یاسر شبیر اور شکیل انجم کے بیانات19دسمبر کو قلمبند کئے جائیں گے ۔