Friday, April 26, 2024

العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں اثاثوں کے حقیقی مالک نوازشریف ہی ہیں ، نیب پراسیکیوٹر

العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں اثاثوں کے حقیقی مالک نوازشریف ہی ہیں ، نیب پراسیکیوٹر
December 13, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا اثاثے بچوں کے قبضے میں ہیں اوربےنامی دار ہیں۔ حقیقی مالک نوازشریف ہی ہیں۔ کوئی ایسا ثبوت نہیں دیا گیا کہ اثاثہ جات حسین نواز نے اپنے ذرائع سے بنائے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ نوازشریف العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس میں پیش ہوئے۔ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فیصلہ محفوظ نہیں کر رہے، سوال و جواب کا ایک سیشن رکھیں گے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ ملزم نوازشریف کی جانب سے کوئی ایسا ثبوت نہیں دیا گیا کہ اثاثہ جات حسین نواز نے اپنے ذرائع سے بنائے۔ ملزمان اثاثوں کو مانتے ہیں۔ معاون وکلاء کی بار بار مداخلت پر جج ارشد ملک نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن نیب کا ہے ،نیب نے جو کہنا ہے آج ان کی سنیں گے۔ خواجہ حارث نے جتنے دن دلائل دئیے اس دوران نیب نے کوئی مداخلت نہیں کی۔ جج محمد ارشد ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ڈیکلیئر کیا کہ نوازشریف صادق اور امین نہیں ہیں ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کو ہم یہاں کیسے سچا مان لیں اس نقطے پر خواجہ حارث عدالت کی معاونت کریں۔ عدالت نے مزید سماعت جمعہ تک کیلئے ملتوی کر دی۔ خواجہ حارث جمعہ کو فلیگ شپ ریفرنس میں حتمی دلائل کا آغاز کریں گے۔