Friday, May 3, 2024

العزیزیہ ریفرنس کی اپیلوں پر سماعت کل ، نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی ‏درخواست

العزیزیہ ریفرنس کی اپیلوں پر سماعت کل ، نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی ‏درخواست
April 22, 2019

 

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف اور نیب کی اپیلوں پر سماعت کل ہو گی ، نواز شریف نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔

 

نواز شریف کی جانب سے درخواست ان کے وکلاء نے دائر کی  جس میں موقف اپنایا گیاکہ نواز شریف علیل ہیں ، عدالت پیش نہیں ہو سکتے ،عدالت کل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے ۔

 

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کل ہوگی ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

 

طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا ملزم نے ایک اور درخواست دائر کردی، عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں ملزم نے کل ہونے والی سماعت سے حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا۔

 

میڈیکل رپورٹ بھی ساتھ منسلک کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو مکمل آرام کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کے گردوں کی بیماری بھی تیسرے درجے پر ہے، صحت سے متعلق تمام ماہرین ابھی حتمی رپورٹ مرتب کریں گے۔

 

گزشتہ سماعت پر نوازشریف کے وکلاء کی جانب سے بحث نہ کرنے اور کیس کو ملتوی کرنے پر عدالت عالیہ نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

 

 کیس کی پیپر بکس نہ ملنے کے باعث عدالت نے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔