Wednesday, April 24, 2024

العزیزیہ ریفرنس ، نوازشریف کی درخواست پر نیب کو کل تک کا نوٹس جاری

العزیزیہ ریفرنس ، نوازشریف کی درخواست پر نیب کو کل تک کا نوٹس جاری
September 3, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی درخواست پر نیب کو کل تک کا نوٹس جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی دائر درخواست پر سماعت جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ عدالت نے خواجہ حارث سے استفسارکیا کہ آپ کا موقف کیا ہے کہ حسین نواز نے آلڈر آڈٹ بیورو کی رپورٹ پیش کی یا نہیں؟ جس پر خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور حسین نواز نے رپورٹ پیش نہیں کی۔ عدالت نے نیب کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ دوسری جانب احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے آٹھویں مرتبہ سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو نیب کے نوٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ سماعت ملتوی کرنے پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کی کارروائی کے لئے کوئی سٹے آرڈر جاری نہیں کیا ۔ اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ پراسیکیوٹر آج ہائیکورٹ آتے تو آج ہی فیصلہ ہوتا ۔ نیب پراسیکیوٹر بولے کہ جب تک نوٹس نہ ملے وہ پیش نہیں ہوتے ۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جہاں دل کرے آپ نوٹس کے بغیر بھی پیش ہو جاتے ہیں۔ وکیل صفائی نے ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک کارروائی آگے بڑھانے سے معذوری ظاہر کی تو عدالت نے کیس کی سماعت کل ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کر دی۔ نواز شریف کو کل پھر ساڑھے بارہ بجے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔