Saturday, April 27, 2024

العزیزیہ ریفرنس ، نوازشریف ، مریم نواز اور محمد صفدر کی اپیلوں پر نیا بینچ تشکیل

العزیزیہ ریفرنس ، نوازشریف ، مریم نواز اور محمد صفدر کی اپیلوں پر نیا بینچ تشکیل
September 7, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس کے کیس میں نوازشریف ، مریم نواز اور محمد صفدر کی اپیلوں پر نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن پیر کو سماعت کریں گے ۔ شریف خاندان کی سزا معطلی کی درخواستوں پر بھی یہی بینچ سماعت کرے گا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی ۔ سابق و زیراعظم نواز شریف کو آج گیارہویں مرتبہ اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔ خواجہ حارث کی گواہ واجد ضیا پر طویل جرح آج بھی مکمل نہ ہوسکی۔ وکیل صفائی خواجہ حارث کے سوال کے جواب میں واجد ضیا نے بتایا کہ ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ  کا مکمل نام ہل ماڈرن انڈسٹری فارمیٹل اسٹیبلشمنٹ ہے۔  31 مئی دوہزار سترہ کو سعودی عرب کو ایم ایل اے بھیجا گیا۔ تاہم اس وقت انہیں کمپنی کا مکمل نام معلوم نہیں تھا۔ واجد ضیا نے بتایا کہ حسین نواز کے مطابق کمپنی کا بزنس اسٹیل کا تھا۔ خواجہ حارث نے سوال پوچھا  بعض دستاویزات عربی زبان میں  ہیں۔ کیا آپ عربی زبان سمجتے ہیں۔ تو واجد ضیا نے بتایا وہ کچھ وقت  وہ سعودی عرب میں مقیم رہے ہیں اس لیے وہ تھوڑی بہت عربی زبان سمجھتے ہیں۔  جے آئی ٹی کی تحقیقات میں اہم بات یہ تھی کہ ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ  فرد واحد کی ملکیت ہے یا پارنٹرشپ پر چلنے والی کمپنی۔ دوران سماعت فاضل جج نے لیگی رہنماوں کے آپس  میں باتیں کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ  کمرہ عدالت میں بیٹھنا ہو تو بندے بن کر بیٹھا کریں۔ یہاں آپس میں بات کرنے کا کیا جواب بنتا ہے۔ عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔