Saturday, May 11, 2024

العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت آج ہو گی

العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت آج ہو گی
September 18, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت آج ہو گی، جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی جانب سے ویڈیو لیک کے بعد جاری وضاحتی پریس ریلیز اور بیان حلفی کو بھی اپیل ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ معطل جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل آنے کے بعد یہ پہلی سماعت ہوگی۔ احتساب عدالت نے 24دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 100 سے زائد سماعتوں کے بعد 7 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی۔ یکم جنوری 2019کو نواز شریف نے فیصلہ کاالعدم قرار دینے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ نیب نے بھی فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے سزا بڑھانے کی اپیل دائر کر دی، 26 جنوری کونواز شریف نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست دی جسے واپس لے کر نئی درخواست دی گئی ، عدالت نے 25 فروری کو یہ درخواست خارج کر دی مگر سپریم کورٹ سے عبوری ریلیف مل گیا اور 6 ہفتوں کیلئے طبی بنیادوں پر سزا معطل ہو گئی۔ 6 ہفتے گزرنے کے بعد ضمانت میں توسیع کی استدعا مسترد ہوئی تو نواز شریف کو دوبارہ جیل جانا پڑا۔ نواز شریف نے 20 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی ایک اور درخواست دائر کی جو 20 جون کو خارج کردی گئی۔ پیپر بکس کی تیاری مکمل نہ ہونے اور موسم گرما کی چھٹیوں کے باعث نواز شریف کی سزا کے خلاف مرکزی اپیل پر کارروائی 18 ستمبر تک ملتوی کی گئی، اسی دوران نواز شریف کو سزا دینے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے خلاف وڈیو سکینڈل بھی سامنے آیا۔ جس کے بعد جج کو معطل کر کے خدمات لاہور ہائی کورٹ کو واپس کر دی گئیں۔