Monday, May 13, 2024

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
April 23, 2019

 

 اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

 

العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔

 

 سماعت شروع ہوئی تو وکیل خواجہ حارث نے کیس کی پیپر بکس میں کچھ دستاویزات نہ ہونے کی نشاندہی کی۔ انکشاف کیا کہ پارٹ ون جو ہمیں دیا گیا اور جو آپ کو دیا گیا دونوں مختلف ہیں۔

 

ملزم کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ کچھ اکاونٹس کی تفصیلات پیپر بکس کے ساتھ نہیں ہیں۔ یہ دستاویزات کیوں مسنگ ہیں ان کا ہمیں نہیں پتہ۔ جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ برانچ کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں ایسا کیوں ہوا۔ جو بھی ریکارڈ برانچ کے پاس آیا ہو گا اسی کی فوٹو کاپی کرائی ہو گی۔ جو چیزیں مسنگ ہیں وہ باہمی مشاورت سے درست کر لی جائیں گی۔

 

 عدالت نے پیپر بک کو مکمل کرنے کیلئے پراسیکیویشن اور وکیل صفائی کو ایک ایک نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کر دی اور قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت تک پیپر بک درست ہو گئی تو اس کے بعد کارروائی آگے چلائیں گے۔  

 

عدالت نے ملزم کی آج حاضری سے استشنٰی کی درخواست بھی منظور کر لی۔ کیس کی سماعت 9 مئی کو دوبارہ ہو گی۔