Thursday, April 25, 2024

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کا بیان آج قلمبند نہ ہو سکا

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کا بیان آج قلمبند نہ ہو سکا
November 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کا بیان آج قلمبند نہ ہو سکا جبکہ خواجہ حارث نے فلیگ شپ ریفرنس کی تفتیش پر جرح کا آغاز کر دیا۔ احتساب عدالت میں ملزم نواز شریف کی 108 وی پیشی ہوئی۔ میاں صاحب کے وکلا نے العزیزیہ ریفرنس میں عدالتی سوالوں کے جواب تیار کر لئے۔ کاپی نواز شریف کو فراہم کر دی گئی۔ کمرہ عدالت عدالتی سوالات اور اپنے جوابات کا مطالعہ کرتے رہے لیکن وقت کی کمی کے باعث آج بیان قلمبند نہ ہو سکا۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نیب کے تفتیشی افسر پر خواجہ حارث کی جرح کا آغاز ہو گیا۔ محمد کامران نے کہا یہ درست ہے کہ نیب کسی بھی کرپشن کی شکایت پر  انکوائری کے بعد ہی فیصلہ کرتا ہے ریفرنس دائر کرنا ہے یا نہیں۔ یہ بھی درست ہے کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد نیب کے پاس ریفرنس دائر کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ خواجہ حارث کے تفتیشی سے نیب کی دستاویزات سے متعلق سوالات پر نیب پراسیکیوٹر کا اعتراض سامنے آیا۔ سردار مظفر بولے کیس کی فائل سے متعلق نہ سوال ہو سکتا ہے نہ ہی وہ دستاویزات دکھائی جا سکتی ہیں ، یہ نیب کا استحقاق ہے۔ تفتیشی نے کہا اب فائل ان کے سامنے نہیں ، فائل سے متعلق وہ زبانی جواب نہیں دے سکتے نہ ہی یہ فائل وہ ساتھ لانے کے مجاز ہیں۔ خواجہ حارث منگل کے روز بھی تفتیشی پر جرح جاری رکھیں گے۔