Sunday, May 19, 2024

العزیزیہ ریفرنس میں مزید دستاویزات جمع کرانے کی متفرق ‏درخواست منظور

العزیزیہ ریفرنس میں مزید دستاویزات جمع کرانے کی متفرق ‏درخواست منظور
January 24, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس  میں مزید دستاویزات جمع کرانے کی نواز شریف کی متفرق درخواست منظور کر لی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے  مزید ریکارڈ پیش کرنے کی اجازت دے دی ، جسٹس عامر فاروق  نے  ریمارکس دیے کہ عدالت پہلے ہی مقدمے کا ریکارڈ طلب کرچکی ہے۔ نواز شریف کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ گواہوں کا پیش کردہ تصدیق شدہ ریکارڈ پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔ احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 7سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی  گئی ہے ۔ نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں  سزا کاٹ رہے ہیں ۔ نواز شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل کی گئی  ہے جب کہ ساتھ ہی  اپیل کا فیصلہ آنے تک سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی ہے ۔ دو روز قبل نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا تھا جہاں ان کے ٹیسٹ کئے گئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق  نواز شریف کا دل بڑا ہونے اور ایک  والو تنگ ہونے کی رپورٹ آئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے تھیلیم اسکین کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دی جا رہی ہے ۔  نوازشریف کے دل کی ایک شریان میں رکاوٹ ہے، دل کی شریان میں رکاوٹ پرانی بھی ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے  شریان میں رکاوٹ کے باعث دل کے نچلے حصے کو خون کی سپلائی متاثر ہے،  نواز شریف کی ای سی جی اور ایکو کارڈیو گرافی رپورٹ بھی غیر تسلی بخش تھی۔