Wednesday, April 24, 2024

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل ہو گی یانہیں ، فیصلہ کچھ دیر بعد

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل ہو گی یانہیں ، فیصلہ کچھ دیر بعد
February 25, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز ) العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل ہوگی یا نہیں، فیصلہ کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔

العزیزیہ ریفرنس میں مجرم جیل میں رہے گا یا نہیں ، نوازشریف کی قسمت کا فیصلہ  کچھ ہی دیر بعد سنایا جائیگا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کا فیصلہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ فیصلہ سنائے گا۔ عدالت نے 20 فروری کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، ملزم کے وکیل خواجہ حارث نے نواز شریف کی بیماری کو سنجیدہ معاملہ قرار دیا تھا  اور موقف اختیار کیا تھا کہ سب جیل کا ماحول بھی اعصابی تناؤ کا باعث بنتا ہے۔ نیب نے نواز شریف کی درخواست ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ نوازشریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کیلئے یکم جنوری کو عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔ تین جنوری کو رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کیے جنہیں پانچ جنوری کو دور کرکے دوبارہ درخواست دائر کی گئی، آٹھ جنوری کو اپیل کی جلد سماعت کیلئے مجرم نے عدالت سے رجوع کیا۔ نوازشریف نے 26 جنوری کو یوٹرن لیا اور طبی بنیادوں پر سزا معطلی مانگ لی اور پہلی درخواست واپس لینے کی استدعا کی جسے ہائی کورٹ نے 12 فروری کو منظور کرلیا۔ اس سے قبل  احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید اور دس سال کی نا اہلی کی سزا سنائی گئی تھی ۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو  25 ملین ڈالر اور 1.5 ملین پاؤنڈ کے جرمانے کی سزا بھی سنائی  تھی جب کہ  انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں باعزت بری کیا گیا تھا۔ عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کیس میں  نواز شریف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا   جبکہ  ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور قرار دیتے ہوئے  دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے ۔ نواز شریف نے عدالت سے اڈیالہ کی بجائے لاہور جیل منتقل کرنے کی  درخواست کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے نواز شریف کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ طبیعت کی ناسازی کے باعث نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے پہلے سروسز اسپتال بعد ازاں لاہور کے جناح اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ 11 روز سے زیر علاج ہیں ۔