Saturday, April 27, 2024

العزیزیہ ریفرنس اختتام کی جانب ، نوازشریف نے تمام سوالوں کے جوابات دے دیئے

العزیزیہ ریفرنس اختتام کی جانب ، نوازشریف نے تمام سوالوں کے جوابات دے دیئے
November 22, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد میں العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت میں نواز شریف کا بیان مکمل ہو گیا۔ نوازشریف نے تمام سوالوں کے جوابات دے دیئے۔ احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ استغاثہ میرے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا جس سے ظاہر ہوا میں نے العزیزیہ یا ہل میٹل قائم کی ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان خلاف کیس مخالفین کے الزامات اور جے آئی ٹی کی یکطرفہ رپورٹ پر بنائے گئے۔ نوازشریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے معاملہ ٹرائل کورٹ کو بھجوایا گیا تاکہ کوئی شک باقی نہ رہے لیکن واجد ضیاء اور تفتیشی افسر کے علاوہ کسی گواہ نے میرے خلاف بیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا واجد ضیاء اور تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ العزیزیہ اور ہل میٹل میری ملکیت ہونے کا دستاویزی ثبوت نہیں جب کہ واجد ضیاء اور تفتیشی افسر کا بیان قابل قبول شہادت نہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ تفتیش کے دوران کسی کاروباری معاملے میں گڑبڑ کے ثبوت نہیں ملے۔ میرے بیٹے بیرون ملک ان ملکوں کے قوانین کے مطابق کاروبار کررہے ہیں۔ سارا معاملہ مفروضوں پر مبنی تھا اور مفروضوں کے ثبوت نہیں ہوتے۔ کرپشن اور کک بیکس یا کمیشن لینے کا ایک ثبوت نہ دیا گیا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے پیسے بھجوانا ایک بیٹے کی باپ سے محبت کا ثبوت ہے۔ میرے بیٹے حسین نواز نے 2010 میں پیسے بھیجنا شروع کئے جب بھی میں عوامی عہدے پر نہیں تھا۔  مطمئن ہوں کہ نسلیں کھنگالنے کے بعد بھی کوئی کرپشن کا ثبوت نہیں۔