Sunday, May 5, 2024

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسزکا فیصلہ کل سنایا جائے گا

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسزکا فیصلہ کل سنایا جائے گا
December 23, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسزکا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ نواز شریف کے خلاف دونوں ریفرنسز میں الزام کی نوعیت ایک اور سوال بھی ایک۔ یہ جائیدادیں بے نامی ہیں اور معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس دونوں مقدمات میں نواز شریف پر نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے فائیو کے تحت 19 اکتوبر 2017 کو فرد جرم عائد کی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فرد جرم پڑھ کر سنائی جس میں کہا گیا کہ میاں صاحب آُپ نے سعودی عرب اور برطانیہ میں بیٹوں کے نام بے نامی جائیدادیں بنائیں۔ اس وقت حسن اور حسین نواز کے اپنے ذرائع آمدن نہیں تھے ۔ دراصل ان جائیدادوں کے حقیقی مالک آپ ہیں اور یہ اثاثے آپ کے معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ سیکشن نائن اے فائیو کے تحت اگر جرم ثابت ہوا تو نواز شریف کو زیادہ سے زیادہ 14 سال تک قید بامشقت کی سزا ہو سکتی ہے ۔ اس کے ساتھ جائیداد ضبط اور جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ۔ کم سے کم سزا عدالت کا اختیار ہے۔