Thursday, September 19, 2024

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس ،نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے عدالت پہنچادیاگیا

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس ،نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے عدالت پہنچادیاگیا
August 15, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت  کیلئے نوازشریف کو دوسری بار اڈیالہ جیل سے عدالت پہنچا دیا گیا۔ سابق وزیراعظم کو آج لینڈ کروزر میں لایا گیا جبکہ  لیگی کارکن بکتر بند گاڑی کے سامنے عقبی دروازے پر نعرے لگاتے رہے۔نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے  عدالت منتقل کرنے کے موقع پر  شہبازشریف بھی جوڈیشل کمپلیکس پہنچے۔ لیگی ارکان اسمبلی کا احتجاج رنگ لے آیا  ،  مجرم نوازشریف کی سواری بکتر بند گاڑی سے لینڈ کروزر میں تبدیل  ، احتساب عدالت کے باہر ارکان کی بڑی تعداد سابق وزیراعظم کا استقبال نہ کرسکی۔ لیگی ارکان اسمبلی کا گزشتہ پیشی پر قائد کو بکتر بند گاڑی میں اڈیالہ جیل سے عدالت منتقل کرنے پر احتجاج کام دکھا گیا  ، آج سواری لینڈکروزر میں تبدیل ہوگئی ۔ عدالت کے باہر موجودہ لیگی ارکان اسمبلی کو سکیورٹی اہلکاروں نے چکمہ دے دیا  ، قائد کی منہ دکھائی بھی نہ کرنے دی  ،  لیگی ارکان عقبی دروازے پر  ہی نعرے لگاتے رہ گئے جب کہ پولیس  نواز شریف کو مرکزی دروزاے سے عدالت لے گئی ۔ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا کہ جو لوگ کمزور دل اور لوٹے تھے وہ چھٹ گئے  ، اب جو لوگ ہمارے پاس ہیں وہ وفادار ہیں  ، جن لوگوں نے مسلم لیگ نون کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ان کو عوام نے انتخابات میں مسترد کردیا ۔