Thursday, May 2, 2024

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا 24 دسمبر تک فیصلہ سنائیں ، سپریم کورٹ کا حکم

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا 24 دسمبر تک فیصلہ سنائیں  ، سپریم کورٹ کا حکم
December 7, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو حکم دیتے ہوئے کہا العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا 24 دسمبر تک فیصلہ سنائیں۔ احتساب عدالت کی ٹرائل کی مدت میں مزید توسیع کی درخواست پر عدالت عظمیٰ کا بڑا فیصلہ آگیا ۔ عدالت نے حکم دیا کہ  خواجہ حارث 17 دسمبر تک دلائل مکمل کریں ۔ چار دن میں جج اپنا فیصلہ تحریر کر لیں۔ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بحث مکمل نہ کرنے پر چیف جسٹس کا نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث پر اظہار برہمی ہوا۔ مکالمہ کے دوران چیف جسٹس نے کہا بحث مکمل کرکے اپنی اور قوم کی زندگی آسان کریں۔ آپ کو ہر اس چیز پر اعتراض ہے جو آپ کہ مرضی کے خلاف ہو۔ آپ کو ہفتہ اتوار کو دلائل دینے پر بھی اعتراض تھا۔ کیا یہ بڑا وکیل ہوتا ہے۔ ہر دفعہ وقت مانگا جاتا ہے، بحث مکمل کرنے میں کتنا وقت لگے گا۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث بولے تمام فریقین دلچپسی سے کیس چلا رہے ہیں۔ میں کوئی بڑا وکیل نہیں۔ کیا کسی نے یہ شکایت کی کہ ہم معاملہ کو لٹکا رہے ہیں۔ عدالت کہتی ہے تو میں بحث چھوڑ دیتا ہوں۔ احتساب عدالت کی ریفرنسز کے ٹرائل میں اٹھویں بار توسیع کیلئے درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا خواجہ صاحب کونسی الف لیلیٰ کی کہانی تیار کرنی ہے۔ آپ نے ساری قوم اور عدلیہ کو محصور بنا کر رکھا ہوا ہے۔ اگر آپ وقت پر کام مکمل نہیں کر سکتے تو کیس لیا ہی نا کریں۔ اب اپ بحث کارروائی میں رخنہ ڈالنے کیلئے چھوڑیں گے لیکن اپ کو ایسا نہیں کرنے دوں گا۔ عدالت نے احستاب عدالت کو ٹرائل مکمل کرنے کیلئے اٹھویں بار توسیع دے دی۔ خواجہ حارث کو 17 دسمبر تک دلائل مکمل کرنے اور احتساب عدالت کو  ریفرنسز کا فیصلہ 24 دسمبر تک کرنے کا حکم دے دیا۔