Thursday, March 28, 2024

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس،نوازشریف نے 50میں سے 45سوالات کےجوابات دیدیئے

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس،نوازشریف نے 50میں سے 45سوالات کےجوابات دیدیئے
November 14, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں  ملزم نوازشریف نے 50 سوالات میں سے 45 کے جوابات دے دیئے ۔  ملزم نے موقف اپنایا کہ پانچ سوالات پیچیدہ ہیں ، مشاورت کے بعد جواب دونگا ۔ جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے  جن سوالات کے جوابات اطمینان بخش نہ ہوئے اس پر آپ سے مزید سوالات پوچھیں گے ۔ العزیزیہ ریفرنس میں ملزم نوازشریف کٹہرے میں پیش ہوئے اور 342 کا بیان ریکارڈ کرادیا۔ کل 50 سوالات میں سے 45 کا جواب دے دیا ۔ طویل سوالات کے باعث  کٹہرے میں صرف 5 سوالات کا جواب ہی دے سکے باقی 40 سوالوں کے جواب تحریری جمع کرادئیے ۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی نوازشریف نے اپنے بیان میں کہا  تین بار ملک کا وزیر اعظم رہا   12 اکتوبر 1999 سے مئی 2013 تک کسی عوامی عہدے پر نہیں رہا ۔ 2000 سے 2007 تک جلا وطن رہا ۔اپنے اِنکم ٹیکس ریٹرن میں تمام اثاثے اور ذرائع آمدن ظاہر کیے،حسین نواز کے ٹیکس سے متعلق جواب دینے کا مجاز نہیں۔ نوازشریف نے کہا  کچھ سوالات افواہوں پر مبنی ہیں ،کچھ سوالات میں ابہام بھی پایا جاتا ہے ۔ ملزم نے باقی 5 سوالوں کا جواب  دینے کیلئے  وقت کی استدعا کردی  اور کہا کہ  کچھ ریکارڈ دیکھنا پڑے گا  اور وکیل سے مشاورت بھی کرنا پڑے گی۔