Saturday, April 20, 2024

العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس ، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل مکمل

العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس ، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل مکمل
December 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس آخری مرحلے میں داخل ہو گیا۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل مکمل ہو گئے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر کل جواب الجواب دلائل دیں گے۔ میاں صاحب کی احتساب عدالت میں ایک اور پیشی ہوئی۔ خواجہ حارث نے کہا کہ حسین نواز کا بیرون ملک کاروبار اور اثاثے پاکستان میں ڈیکلیئرڈ نہیں ہیں۔ نان ریزیڈنٹ شہری ہونے کی وجہ سے اُن پر بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنا لازم نہیں ۔ نواز شریف نے کہیں نہیں کہا کہ وہ بچوں کے کاروبار کے بارے میں نہیں جانتے بلکہ یہ مؤقف ہے کہ بچوں کے کاروبار سے اُنکا کوئی تعلق نہیں ہے۔ وکیل صفائی کے مطابق ہمارا کیس یہ ہے ہل میٹل اور العزیزیہ کے حوالے سے حسین نواز جوابدہ ہیں۔ میاں صاحب سے اسکے بارے میں وضاحت نہیں مانگی جاسکتی۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ہل میٹل سے نوازشریف اور 5 دیگر لوگوں کو رقم منتقل ہوئی مگر نیب نے اُن 5 افراد کو شامل تفتیش نہیں کیا۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں لیگی رہنماؤں کا رش بڑھا تو میاں صاحب کے کہنے پر مشاہد حسین اور آصف کرمانی کچھ رہنماؤں کے ہمراہ باہر چلے گئے۔ میاں صاحب نے استدعا کی کہ شہباز شریف سے ملاقات کیلئے جلد جانا ہے جس پر عدالت نے حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔ جمعرات کو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر جواب الجواب دیں گے۔