Thursday, March 28, 2024

العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس ، تین ستمبر تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور

العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس ، تین ستمبر تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور
August 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث ایک بار پھر روٹھ گئے اور العزیزیہ ریفرنس  کی کارروائی چھوڑ کرچل دیئے۔ آج کی عدالتی کارروائی چیلنج کرنے کے لیے تین ستمبر تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی گئی۔ العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں نواز شریف ساتویں بار عدالت میں پیش ہوئے۔ خواجہ حارث کی واجد ضیا پر طویل جرح ہوئی۔ وکیل صفائی کی تکنیکی سوالوں کی بوچھاڑ بھی ہوئی جس پر واجد ضیا نے کہا کہ تکنینکی سوالات کا جواب نہیں دے سکتا۔ خواجہ حارث نے جواب میں کہا کہ آپ کہنا چاہتے ہیں یہ آؤٹ آف پیپر سوال ہے۔ وکیل صفائی خواجہ حارث کے سوال کے جواب میں واجد ضیا نے کہا کہ حسین نواز نے آلڈر آڈٹ بیورو رپورٹ جے آئی ٹی کو پیش کی۔ ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے اعتراض اٹھایا کہ سوال براہ راست نوعیت کا تھا تو جواب بھی اسی انداز میں لکھا جائے۔ نیب کے اعتراض پر جج ارشد ملک نے جواب براہ راست انداز میں عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنادیا جس پر خواجہ حارث نے اعتراض اٹھایا کہ براہ راست سوال کا جواب لکھنے سے پہلے مجھے سننا چاہیے تھا۔ انہوں کہا کہ میں کورٹ افسر ہوں کبھی کسی عدالت کو ریکارڈ ٹیمپرنگ کی اجازت نہیں دیتا۔ خواجہ حارث ناراض ہو کر عدالتی کارروائی چھوڑ کر کمرہ عدالت سے چلے گئے۔ انکے معاون وکلاٗ کی جانب سے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی تحریری درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا کہ آج کی عدالتی کارروائی چیلنج کرنے کے لیے 3 ستمبر تک سماعت ملتوی کی جائے۔ اس دوران نیب پراسیکوٹر کی اور معاون وکیل محمد زبیر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ جھگڑے میں تبدیل ہوگیا جس پر جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ یہ کیا کررہے ہیں۔ انہوں نے درخواست مںظور کرتے ہوئے سماعت تین ستمبر تک ملتوی کر دی۔ نواز شریف کی پیشی ملاقاتوں میں تبدیل ہو گئی۔ لیگی رہنماوں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں پہنچی جہاں ایک ایک کر کے نواز شریف سے ملاقات کرتے رہے۔