Sunday, May 19, 2024

العزیزیہ اسٹیل ریفرنس ، استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کا بیان مکمل، کل جرح ہو گی

العزیزیہ اسٹیل ریفرنس ، استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کا بیان مکمل، کل جرح ہو گی
May 15, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) شریف فیملی کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ریفرنس میں واجد ضیاء کا بیان مکمل ہو گیا۔ ان پر کل جرح شروع ہو گی۔ احتساب عدالت میں نوازشریف اور فیملی کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ نیب کے گواہ واجد ضیاء نے بیان میں بتایا کہ ملزمان کو فانینشل سٹیٹمنٹ اور دیگر دستاویزات جے آئی ٹی کو فراہم کرنے کا کہا۔ ہل میٹل سے متعلق مانگا گیا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ 8.9 ملین ڈالر حسین نواز اور ہل میٹل میں 2010 سے 2015 کے دوران نواز شریف کو بھجوائے۔ 2015 میں کمپنی کو 1.5 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔ 1.5 ملین ڈالر کے نقصان کے باوجود 2.1 ملین ڈالر نواز شریف کو بھجوا دیئے۔ واجد ضیا نے بتایا کہ حسن نواز نے بیان میں کہا کہ اس نے 2015 میں 8 لاکھ برطانوی پاونڈ حسین نواز سے لئے، حالانکہ اس وقت کمپنی خسارہ میں تھی ۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حسن اور حسین نواز اس عدالت میں موجود نہیں، ان سے منسوب بیان نواز شریف کے خلاف قابل قبول شہادت نہیں۔ احتساب عدالت  نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ملزموں کا پہلے بیان قلمبند کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اس کے بعد کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔