Friday, March 29, 2024

الطاف کےنام رجسٹرڈ پراپرٹی کمپنیوں میں بھارتیوں کےپیسے جمع کرانے کی بازگشت

الطاف کےنام رجسٹرڈ پراپرٹی کمپنیوں میں بھارتیوں کےپیسے جمع کرانے کی بازگشت
June 25, 2015
انگلینڈ(92نیوز)ایم کیو ایم کی برطانیہ میں پراپرٹی کمپنی میں بھارتی شہریوں کی طرف سے لاکھوں پاؤنڈز جمع کرانے کا انکشاف ہوا ہےجبکہ کمپنی کے ایک ڈائریکٹر  بھی بھارتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی نہ صرف برطانیہ بلکہ کینیڈا میں بھی پراپرٹی فرم رجسٹرڈ ہے،یورو پراپرٹی پرائیویٹ لمیٹڈ، یورو پراپرٹی ڈویلپمنٹ لمیٹڈ،یورو ڈویلپمنٹ اور یورو پراپرٹی کینیڈا کے نام سے قائم کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں تین بھارتی شہریوں نے ایک ملین پاؤنڈ سے زائد رقم دو ہزار بارہ اور دو ہزار تیرہ میں جمع کرائی۔ ان اکاؤنٹس اور رقوم جمع کرانے کی تفصیلات کا علم  اسکاٹ لینڈ یارڈ کو منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے دوران ہوا،ان اکاؤنٹس اور رقوم کی منتقلی کے ثبوت بھی اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس موجود ہیں۔ ان کمپنیوں کی ملکیت الطاف حسین کے نام پر ہی ہے،الطاف حسین پچیس جون دو ہزار چھ کو یورو پراپرٹی کمپنی کے ڈائریکٹر بنےاس کے ایک دن بعد ان کے قریبی ساتھی محمد انور کو بھی ڈائریکٹر بنایا گیا،منی لانڈرنگ کا مقدمہ بننے تک دونوں لیڈر اس کمپنی کے ڈائریکٹر رہےاور سولہ جنوری دو ہزار چودہ کو کمپنی سے استعفیٰ دیا،اس کے بعد ایک دن کے لئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں عادل صدیقی اور سہیل منصور کو ڈائریکٹر بنایا گیا اور دوسرے ہی روز استعفیٰ لے لیا گیا اس کے بعد کمپنی کے تین ڈائریکٹر بنائے گئےجن میں ارشد عبداللہ وہرا،قاسم علی اور اظہارالدین خان شامل ہیں۔ اس سال اکتیس مئی کو بھی اس کمپنی کے اکاؤنٹس میں بارہ کروڑ روپے سے زائد رقم موجود تھی۔