Wednesday, April 24, 2024

 الطاف  حسین کی  تقاریر اشتعال انگیزی اور فتنہ گری کی آخری حدوں کو چھورہی ہیں : چودھری نثار

 الطاف  حسین کی  تقاریر اشتعال انگیزی اور فتنہ گری کی آخری حدوں کو چھورہی ہیں : چودھری نثار
July 13, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے الطاف حسین نے تہذیب اور شرافت کی تمام حدیں پار کر دیں، اردو بولنے والی کمیونٹی مہذب اور تہذیب یافتہ ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا الطاف حسین کی تقاریر اشتعال انگیزی اور فتنہ گری کی آخری حدوں کو چھو رہی ہیں، ہم نے بہت صبر اور تحمل سے کام لیا، اب برطانیہ سے باضابطہ بات کرنے کاوقت آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نےالطاف حسین کی پاک فوج کے خلاف  تقریرکو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے سخت ردِ عمل دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے بے انتہا صبروتحمل سے کام لیا ،الطاف حسین کی تقاریر اشتعال انگیزی کی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔ فوج کے خلاف ان کی  تقریر ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، وہ باز نہ آئے تواچھا نہیں ہوگا،چودھری نثارعلی  خان  کا کہنا تھا کہ اب برطانیہ سے باضابطہ طور پر بات کرنے کا وقت آ گیا ہے،لگتا ہے کہ برطانیہ میں ان کے کرتوتوں کی وجہ سے گھیرا تنگ ہورہا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ بیرون ملک بیٹھ کرکسی کو سکیورٹی اور دفاعی اداروں  کے خلاف بات کرنے اوران کی تضحیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ الطاف حسین پاک فوج کےخلاف وہی زبان استعمال کررہے ہیں جو بھارت کرتا چودھری نثارعلی خان کا کہنا تھا، الطاف حسین کو درپیش حالات کے ذمے دار ان کے اپنے کرتوت ہیں۔اردوبولنے والے انتہائی تہذیب یافتہ ہوتے ہیں، الطاف حسین اردو بولنے والی کمیونٹی کی تضحیک کر رہے ہیں۔ دوسری طرف وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جنہوں نے کراچی کو بیچا اور بھتہ وصول کیا قانون ان کا پیچھا کرے گا، الطاف حسین کو ان کے گھرتک پہنچائیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی زمین پاکستان کی سالمیت کے خلاف استعمال ہورہی ہے، حکومت یہ معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھائے گی۔