Friday, May 3, 2024

الطاف حسین کو وہ لاکھوں پاﺅنڈ آرام نہیں کرنے دے رہے جو ان پر انویسٹ کئے گئے : سیاسی قیادت ایم کیو ایم قائد کی تقریر پر چیخ پڑی

الطاف حسین کو وہ لاکھوں پاﺅنڈ آرام نہیں کرنے دے رہے جو ان پر انویسٹ کئے گئے : سیاسی قیادت ایم کیو ایم قائد کی تقریر پر چیخ پڑی
August 3, 2015
اسلام آباد / کراچی / لاہور (92نیوز) الطاف حسین کی پاکستان اور فوج کے خلاف تقریر پر ملکی قیادت چیخ پڑی ہے اور سخت ترین الفاظ میں ایم کیو ایم کے قائد کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے الطاف حسین کی پاکستان اور فوج کے خلاف تقریر کو ملکی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت اور میٹرو پولیٹن پولیس کو قانونی ریفرنس بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کو وہ لاکھوں پاو¿نڈ آرام نہیں کرنے دے رہے جو ان پر انویسٹ کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے الطاف حسین کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین بھارت چلے جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم بھارت کو پکارنے والے نام نہاد لیڈر کے عبرتناک انجام کی منتظر ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر سے ثابت ہو گیا کہ ان کے بھارت اور ”را“ سے تعلقات ہیں اور وہ ان کے ذریعے پاکستان میں تشدد کو ہوا دیتے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان الطاف حسین کی اشتعال انگیزی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ماضی کی تمام حکومتیں الطاف حسین کا ساتھ دیتی رہی ہیں، اب وہ سیاسی تنہائی کے باعث مایوس ہو گئے ہیں۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے بھی الطاف حسین کے فوج کے بارے میں بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ پیرپگاڑا نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم پر ”را“ سے فنڈز لینے کی تحقیقات کی جائیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ مہاجروں کیلئے مسائل پیدا نہ کریں۔