Saturday, April 20, 2024

الزامات کی بوچھاڑ ۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ بھی میدان میں آگئے، چودھری شیر علی کے بیانات پر دھیان نہیں دیتا: رانا ثناء اللہ

الزامات کی بوچھاڑ ۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ بھی میدان میں آگئے، چودھری شیر علی کے بیانات پر دھیان نہیں دیتا: رانا ثناء اللہ
October 29, 2015
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ بھی اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دینے کے لئے میدان میں آ گئے۔ کہتے ہیں الزامات بے بنیاد ہیں۔ قاتلوں کے سرغنہ کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ چودھری شیر علی بھولا گجر قتل کیس کو خراب کر رہے ہیں۔ فیصل آباد میں بلدیاتی الیکشن مہم کے سلسلے میں ایوب کالونی میں جلسہ میں خطاب کے دوران الزامات کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وہ اگر بھولا گجر کے قاتل ہوتے تو آج ان کا بیٹا اور سگا بھائی ان کے ساتھ نہ کھڑے ہوتے۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ سابق ایس ایچ او فرخ وحید انگلینڈ میں کس کے گھر ٹھہرا ہوا ہے اور اس کو کون پاکستان سے پیسے بھیج رہا ہے۔ سابق میئر چودھری شیر علی کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے صرف یہی کہا کہ وہ اب بوڑھے ہو چکے ہیں اور ان کا دماغ ہل چکا ہے اس لئے وہ ان کے بیانات پر دھیان نہیں دیتے۔ بھولا گجر قتل کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھولا گجر اپنے بھائیوں سے بھی زیادہ عزیز تھا۔ جب تک قتل کے سرغنہ رانا فرخ وحید کو وطن واپس لا کر سزا نہیں دلوا لیتا تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔